سری نگر، 23 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں بدھ کے روز غیر اعلانیہ ہڑتال کے 80 ویں دن بھی معمولات زندگی تواتر کے ساتھ متاثر رہے ۔ تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ جہاں سڑکوں پر نجی ٹرانسپورٹ کی آمدورفت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے وہیں اب چھوٹی مسافر گاڑیاں بھی سڑکوں پر دوڑنے لگی ہیں جس کے نتیجے میں سڑکوں پر ٹریفک جام بھی دیکھنے کو ملتا ہے ۔مرکزی حکومت کے 5اگست کے جموں کشمیر کو حاصل خصوصی درجہ دینے والے دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کی منسوخی اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے اعلان کیخلاف وادی میں غیر اعلانیہ ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج بھی وادی کے اطراف و اکناف میں ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر رہے ۔ شہر سری نگر کے تمام علاقہ جات بشمول تجارتی مرکز لال چوک میں دن بھر بازاروں میں تمام دکان مقفل رہے ۔