حیدرآباد 28 جولائی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے مرکزی وزراء جی کشن ریڈی اور بنڈی سنجے پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست کے لئے فوائد حاصل کرنے میں مرکز پر اثرانداز ہونے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ انھوں نے کشن ریڈی سے مطالبہ کیاکہ وہ سکندرآباد کے ایم پی کی حیثیت سے حیدرآباد کی ترقی کے لئے مرکزی فنڈس کے حصول کو یقینی بنائیں۔ اسمبلی میڈیا پوائنٹ پر میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے پربھاکر نے کشن ریڈی سے سوال کیاکہ مرکزی وزیر سیاحت کی حیثیت سے اُنھوں نے ان کے دور میں حیدرآباد کیلئے کیا کیا۔ انھوں نے مرکزی حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ حیدرآباد کی ترقی کے لئے فنڈس مختص نہیں کررہی ہے اور مرکز پر ریاستی حکومت کے ویژن کو کھوکھلا کرنے کا الزام عائد کیا۔ پربھاکر نے کہاکہ ریاستی حکومت نے بجٹ کی تیاری سے قبل مرکزی حکومت کو اس کی ضرورتوں سے واقف کروایا تھا لیکن کوئی مدد حاصل نہیں ہوئی۔ انھوں نے گنگا ریجوینیشن پراجکٹ کے لئے فنڈس مختص کرنے جبکہ حیدرآباد میں موسیٰ ندی کو ترقی دینے کے پراجکٹ کو نظرانداز کرنے پر مرکز کی معقولیت پر سوال کیا۔