کلکٹر کا سائیکل پر 20 کلو میٹر سفر، رامائم پیٹ سرکاری دواخانے کا اچانک معائنہ

   

میدک۔ 3 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک ضلع کلکٹر راہول راج نے عوام کو ذاتی، جسمانی اور ماحولیاتی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اطراف و اکناف میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تو بیماریوں سے محفوظ رہتے ہوئے عمدہ صحت حاصل کی جاسکتی ہے۔ اتوار کے دن ضلع کلکٹر و ان کی اہلیہ نے سائیکل پر 20 کلو میٹر کا سفر طے کرتے ہوئے راما ئن پیٹ کے سرکاری دواخانے کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جارہی طبی خدمات، عملے کی حاضری رجسٹر، او پی رجسٹر، زچگی رجسٹر وغیرہ کا جائزہ لیتے ہوئے طبی عملے کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ راما ئن پیٹ سرکاری دواخانے میں گائناکالوجسٹ کی عدم موجودگی کے سبب زچگیوں کی تعداد کم ہے، جلد ہی گائناکالوجسٹ کا تقرر عمل میں لایا جائے گا تاکہ زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہو اور خواتین کو بہتر خدمات فراہم کی جاسکیں۔ کلکٹر نے مزید کہا کہ رامائم پیٹ دواخانے میں تمام بنیادی سہولیات اور تجربہ کار طبی ماہرین کی موجودگی کے باوجود خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے درکار سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر متعلقہ طبی عہدیدار اور دیگر افراد موجود تھے۔