کنگنارناوت کی ہماچل پولیس سے سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست

,

   

ہماچل پولیس کے ڈائرکٹر جنرل کو ای میل کے ذریعہ کیا خطرہ سے آگاہ

شملہ: اداکارہ سے ایم پی بنی کنگنا رناوت نے حال ہی میں چندی گڑھ ہوائی اڈہ پر مبینہ طور پر تھپڑ مارے جانے کے واقعہ کے بعد ہماچل پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل سے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کی ایک کانسٹیبل نے جمعہ کو کنگنارناوت کو مبینہ طور پر تھپڑ ماردیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ایم پی نے ہفتہ کو پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اتل ورما کو بھیجے گئے ایک ای میل میں درخواست کی کہ خطرے کی سطح کو دیکھتے ہوئے انہیں سیکورٹی فراہم کی جائے ۔ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے ایم پی کو بتایا کہ خطرے کی سطح کا اندازہ لگانے کے بعد ریاستی امن و قانون کے یونٹ کی طرف سے سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ وہ محفوظ ہیں لیکن واقعہ تشویشناک ہے کیونکہ یہ بڑھتی دہشت گردی اور بڑھتے خطرے کو ظاہر کرتا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کو اسپیتی ضلع کے کازہ میں ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔اس معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک عہدیدار کی شکایت پر کانگریس پارٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔کنگنا رناوت نے تین زرعی قوانین کی حمایت اور کسانوں کی تحریک کی مذمت کی تھی۔