کورونا سے فوت ہندو پولیس ملازم کی مسلم نوجوانوں نے آخری رسومات انجام دی

   

کاماریڈی میں پیش آیا انسانی ہمدردی کا واقعہ ، سوشیل میڈیا میں وائرل عوام کی ستائش
حیدرآباد :۔ مسلم نوجوانوں نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندو پولیس ملازم کی آخری رسومات انجام دینے میں مدد کی ۔ یہ واقعہ شہر کاماریڈی میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق کاماریڈی اسسٹنٹ سب انسپکٹر 53 سالہ ایلیا کورونا سے متاثر ہو کر علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے ۔ ان کے ارکان خاندان کورونا کے ڈر و خوف سے نعش کے قریب نہیں آئے اور آخری رسومات کی انجام دہی سے گھبرا رہے تھے ۔ اس کی اطلاع ملتے ہی مقامی مسلم نوجوانوں نے ہاسپٹل سے ایمبولنس کے ذریعہ نعش کو شمشان گھاٹ منتقل کیا اور ہندو رسم و رواج کے مطابق آخری رسومات انجام دی ۔ اس موقع پر آنجہانی اے ایس آئی کے ارکان خاندان دوڑ کھڑے مسلم نوجوانوں کی اس انسانی ہمدردی سوشیل میڈیا اور میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوگئی ۔ آنجہانی کے ارکان خاندان کے علاوہ کاماریڈی کے عوام نے مسلم نوجوانوں کی انسانی ہمدردی کی زبردست ستائش کی اور سوشیل میڈیا پر بھی اس کام کو کافی پسند کیا جارہا ہے ۔ سارے ملک میں مسلمانوں کی جانب سے ہندو بھائیوں کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ کہیں مساجد کو ہوم آئیسولیشن سنٹرس میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ کہیں کورونا متاثرین کو مسلم نوجوانوں کی جانب سے پلازمہ کا عطیہ دیا جارہا ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر خطرناک طریقہ سے پھیل رہی ہے ۔ جہاں کیسوں کے ساتھ اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں بھی مختلف مقامات پر کورونا سے متاثر ہو کر فوت ہونے والے ہندو بھائیوں کی مکمل مدد کی ہے ۔ کورٹلہ میں بھی ایک ہندو خاتون کی کورونا سے موت پر ارکان خاندان کی دوری پر مسلم نوجوانوں نے اس خاتون کی آخری رسومات میں مکمل تعاون کیا ۔۔