کورونا وائرس ٹیکہ ڈائیلاسیس اور ذیابیطس کے مریضوں کیلئے مفید ثابت

   

درپیش خطرات میں 33 فیصد کی کمی ، نیفروپلس کے مطالعہ میں انکشاف
حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) کورونا وائرس کے خلاف لیا جانے والا ٹیکہ ڈائیلاسس اور ذیابیطس کے مریضوں کو درپیش خطرات میں بڑی حد تک کمی کا سبب بن رہے ہیں۔ نیفروپلس کی جانب سے کروائے گئے سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ڈائیلاسس کروانے والے مریضوں کو کورونا وائرس ٹیکہ دینے کے بعد کئے گئے ان کے معائنوں سے اس بات کاانکشاف ہوا ہے کہ ڈائیلاسس کروانے والے مریضوں میں درپیش خطرات میں 33 فیصد کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور ان کی صحت میں بہتری کے علاوہ قوت مدافعت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔نیفرو پلس کے مطالعہ کے بعد ڈاکٹر ویویکانند جھا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاسس کروانے والے مریضوں کو جن خطرات کا سامنا تھا ان میں 33 فیصد کی کمی ریکارڈ کیا جانا صحت مند علامت ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ جن مریضوں نے کورونا وائرس کا ایک ٹیکہ بھی حاصل کرلیا ہے ان میں بیماری کی شرح ‘ شریک دواخانہ کرنے کی ضرورت اور اموات کی شرح میں کافی کمی دیکھی جارہی ہے اور ان کی قوت مدافعت میں بہتری ریکارڈ کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر ویویکانند جھانے بتایا کہ جن مریضوں نے کورونا وائرس کا ٹیکہ حاصل کرلیا ہے ان مریضوں میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے امکانات میں 33 فیصد کمی ریکارڈ کئے جانے کے بعداس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ ان میں بیشتر مریضوں نے صرف پہلی خوراک لی ہے اور اگر کسی نے دونوں خوراک لے لی ہیں تو ایسی صورت میں ان کی صحت مزید مستحکم اور وہ دوسرے مریضوں سے زیادہ محفوظ ہیں۔ ڈائیلاسس کے مریضوں کے سروے کے علاوہ ایک اور ادارہ کی جانب سے کئے گئے ذیابیطس کے مریضوں کے سروے کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ ٹیکہ حاصل کرنے والے ذیابیطس کے مریضوں کو بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے کے فیصد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محققین کے مطابق کورونا وائرس کا ٹیکہ حاصل کرنے والے مریضوں اور جن مریضوں نے ٹیکہ حاصل نہیں کیا ہے ان میں واضح فرق محسوس ہونے لگا ہے ۔ جن مریضوں نے ٹیکہ حاصل کیا ہے ان کی قوت مدافعت میں اضافہ کے علاوہ ان کی صحت مستحکم رہنے لگی ہے جبکہ ذیابیطس کے وہ مریض جنہوں نے ٹیکہ حاصل نہیں کیا ہے ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے اور ان کو رونا وائرس کا شکار ہونے کے خطرات میں بھی کمی نہیں آئی ہے جبکہ ٹیکہ حاصل کرنے والوں کو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے خطرات سے محفوظ تصورکیا جا رہاہے۔م
نیفرو پلس کی تحقیق کے علاوہ ایک اور تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ایک خوراک لینے والے ڈائیلاسس کے مریضوں میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کی 50 فیصد تک قوت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔م