کورونا وائرس کو روکنے سعودی عرب کی کوششیں قابل ستائش

,

   

غیر مقیم ہندوستانیوں کی ہرممکنہ مدد کرنے کیلئے اقدامات، ہندوستانی سفیر متعینہ ریاض اوصاف سعید کا بیان

ریاض 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے اثرات کو کم کرنے کے لئے سعودی شاہی حکومت کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے ہندوستانی سفیر متعینہ ریاض اوصاف سعید نے کہاکہ
COVID-19
کی وباء کے باعث نہ صرف سعودی عرب بلکہ ہندوستان اور ساری دنیا کے لوگ پریشان ہیں۔ اِس مشکل گھڑی میں مختلف اقدامات کئے جانا قابل ستائش ہے۔ اوصاف سعید نے کہاکہ میں حکومت ہند کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان عبدالعزیز، ولیعہد شہزادہ نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع سے اظہار تشکر کرتا ہوں کہ انھوں نے سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ ہم کورونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب کی کوششوں سے اظہار یگانگت کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاض میں واقع سفارت خانہ ہند کی طرف سے سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی عوام کے مسائل کو روز بروز کی اساس پر حل کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے این آر آئیز سے کہاکہ ہندوستانی سفارت خانہ ہمیشہ آپ کی خدمت کے لئے مصروف ہے۔ سفارت خانہ کی جانب سے 24 گھنٹے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر +966 546103992 قائم کیا گیا ہے جس پر ہندوستانی شہریوں کے مسائل اور سوالات کو حل کیا جائے گا۔ مزید برآں وزارت خارجی اُمور برائے ہند کی جانب سے کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جن کے ٹول فری نمبر 1800118797 ، +91-11-23012113 ، +91-11-23014104 اور +91-11-23017905 ، فیاکس نمبر +91-11-23018158 ، ای میل
: covid19@mea.gov.in
پر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔ سفارت خانہ کے عہدیداروں نے سعودی عرب کی بڑی کمپنیوں سے رابطہ قائم کئے ہوئے ہے جہاں ہندوستانیوں کی بڑی تعداد کام کررہی ہے جن کی ہرممکنہ مدد کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اوصاف سعید نے کہاکہ وزیراعظم ہند نریندر مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اِس وباء پر قابو پانے کیلئے جنتا کرفیو نافذ کیا تھا۔