کوچی: ایرانڈیا ایکسپریس ایرکرافٹ آج کیرالا کے کوزی کوڈ ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا اور رن وے پر طیارہ پھسلنے کے بعد 30 فیٹ گہری کھائی میں گر گیا جس کے نتیجہ میں طیارہ کے کئی ٹکڑے ہوگئے۔ اس حادثہ میں پائلٹ اور کو پائلٹ سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ ونڈے بھارت مشن کے حصہ کے طور پر 191 مسافرین کے ساتھ یہ طیارہ دبئی سے جمعہ کی شام کوزی کوڈ پہنچا تھا۔ ملاپورم کے سپرنٹنڈنٹ پولیس نے 20 افراد کے مرنے کی تصدیق کی ہے جبکہ کئی مسافرین اس حادثہ میں زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے قریبی دواخانوں میں منتقل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ رات 8:15 بجے پیش آیا۔ بتایا گیا کہ حادثہ کے وقت کوزی کوڈ میں شدید بارش ہورہی تھی اور دبئی ۔ کوزی کوڈ ایرانڈیا فلائیٹ نمبر IX-1344 رن وے پر پھسل گیا۔ اس حادثہ میں جہاز کی کاک پٹ اور کیبین کو شدید نقصان پہنچا۔ جہاز کے عملہ کے بشمول 191 افراد اس میں سوار تھے۔ حادثہ کے بعد راحت اور امدادی کام شروع کردی گئی۔ بتایا گیا ہیکہ 30 تا 40 زخمی مسافرین کو قریبی دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے۔ جہاز کی سیٹوں کی پہلی پانچ قطاریں شدید طور پر متاثر ہوئی ہیں۔ شبہ کیا جارہا ہیکہ اگلی نشستوں پر موجود مسافروں کے بچنے کے امکانات کم ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق 123 زخمی مسافرین میں 15 کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈائرکٹر جنرل آف سیول ایوی ایشن نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ طیارہ رن وے پر پھسل کر کھائی میں گر گیا اور اس کے دو ٹکڑے ہوگئے۔ مسافروں میں 10 بچے بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہیکہ اس حادثہ میں کہیں آگ نہیں لگی۔ اس حادثہ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجین نے بتایا کہ انہوں نے کوزی کوڈ انٹرنیشنل ایرپورٹ میں طیارہ حادثہ کے مقام پر فوری راحت و امدادی کام انجام دینے کی پولیس اور فضائیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔ یہ ایرپورٹ کریپور میں واقع ہے۔ بعض مسافرین کے اب بھی اندر پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔ مسافرین کے رشتہ داروں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن قائم کئے گئے ہیں جن میںکوزی کوڈ ایرپورٹ کنٹرول روم نمبر 04832719493، شارجہ ایرپورٹ یو اے ای کنٹرول روم نمبر 0097165970303، دبئی ایرپورٹ کنٹرول روم نمبر 009710565463903 اور 009710543090572 شامل ہیں۔ وزارت خارجی امور نے 24 گھنٹے کام کرنے والے ہیلپ لائن نمبرس فراہم کئے ہیں جن میں 1800118797، +91 1123012113 ، فیکس نمبر +91 1123018158 شامل ہیں۔