کوشک ریڈی نے ایٹالہ راجندر سے 5 اگست کو کھلے عام مباحث کا چیلنج کیا

   

بی جے پی کے رکن اسمبلی حضور آباد میں ایکٹر ، حیدرآباد میں جوکر اور دہلی میں بروکر ہونے کا دعویٰ کیا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل پی کوشک ریڈی نے اسمبلی حلقہ حضور آباد کی ترقی پر 5 اگست کو کھلے عام مباحث کا بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کو چیلنج کیا ہے ۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کوشک ریڈی نے کہا کہ ایٹالہ راجندر اپنے آبائی گاوں میں بس اسٹانڈ بنانے میں ناکام رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر حضور آباد میں ایکٹر ، حیدرآباد میں جوکر اور دہلی میں بروکر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں ۔ بی جے پی میں خود ایٹالہ راجندر کو جوکر تسلیم کررہے ہیں جب کہ ٹی آر ایس میں کے سی آر کے بعد ایٹالہ راجندر کا مقام تھا ۔ ایٹالہ راجندر کی آج جو سیاسی پہچان ہے وہ کے سی آر اور ٹی آر ایس کی مرہون منت ہے ۔ ٹی آر ایس میں اتنی آزادی اور اختیارات ملنے اور تمام اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے باوجود ایٹالہ راجندر اسمبلی حلقہ حضور آباد کو ترقی دینے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔ اس لیے وہ ایٹالہ راجندر کو چیلنج کررہے ہیں ۔ 5 اگست کو حضور آباد چوراستہ پر مباحث کے لیے تیار ہوجائے ۔ ایٹالہ راجندر حضور آباد کی ترقی کے لیے کیا کام کیا ہے ۔ بتائے گجویل کو ترقی دینے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے کیا کام کیا ہے وہ بتائیں گے ۔ ایس ڈی ایف فنڈز کے تحت چیف منسٹر کے سی آر نے حضور آباد کے لیے 100 کروڑ روپئے دئیے ہیں ۔ جی او 295 کے تحت 6 کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے اپنے گھر کے لیے سڑک تعمیر کرلی ہے ۔ ایٹالہ راجندر بی جے پی کے ٹکٹ پر دوبارہ کامیاب ہونے کے 10 ماہ مکمل ہوچکے ہیں ۔ ان 10 ماہ کے دوران ایٹالہ راجندر نے مرکزی حکومت سے حضور آباد کے لیے ایک لاکھ روپئے بھی منظور نہیں کراسکے ۔ اگر ایٹالہ راجندر مرکزی حکومت سے 100 کروڑ روپئے منظور کراتے ہیں تو ہم ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے 120 کروڑ روپئے جاری کرانے کا اعلان کرینگے ۔۔ ن