کولکتہ میں ایک بار پھر ہجومی تشدد کا واقعہ

   

کولکتہ : بچے کے اغوا کے شبہ میں ایک بار پھر ہجومی تشدد کا معاملہ بردوان شہر میں سامنے آیا ہے ۔جمعہ کو شہر کے وارڈ نمبر 33 کے خان پاڑہ علاقے میں ایک نابالغ سمیت دو لوگوں کی پٹائی کی شکایت سامنے آئی ہے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوع سے متاثرین کو بازیاب کرایا۔ ملزمان نے دعویٰ کیا کہ وہ بھیک مانگنے گئے تھے ۔ اس کے علاوہ کوئی مقصد یا ارادہ نہیں تھا۔ چوں کہ وہ اس علاقے میں اجنبی ہیں اس لئے ان کی پٹائی کی گئی ہے ۔مقامی رہائشی شیخ راکی، حرا بیگم نے دعویٰ کیا کہ جمعہ کی صبح پانچ اجنبی اس علاقے میں ایک بچے سے بات کررہے تھے ۔ان پانچوں افراد سے ان کی شناخت مانگی گئی تو وہ لوگ فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے ۔کچھ مقامی لوگوں نے ان کا پیچھا کیا۔ وارڈ نمبر 20 کے تلماروئی پاڑہ علاقہ میں ایک نابالغ سمیت دو لوگوں کو پکڑنے میں کامیاب ہوگیا۔ باقی بھاگ گئے ۔ بچے کے اغوا کے شبہ میں دو افراد کی پٹائی کی گئی۔اس واقعہ کے بارے میں ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ امن دیپ نے کہاکہ اطلاع ملتے ہی بردوان تھانے کی پولیس پہنچی اور ایک نابالغ سمیت دو لوگوں کو بچایا۔تاہم متاثر نے بتایا کہ وہ اس علاقے میں بھیک مانگنے گیا تھا۔مگر مقامی لوگوں نے ان کی پٹائی کردی ۔اس واقعہ میں ابھی تک حراست یا گرفتاری کی کوئی خبر نہیں ہے ۔