کویتا سے ای ڈی عہدیداروں کی 10 گھنٹے پوچھ تاچھ ۔ آج دوبارہ طلب کیا گیا

   

پوچھ تاچھ کی طوالت پر پارٹی حلقوں میں بے چینی ‘ ڈاکٹرس کی آمد سے الجھن

حیدرآباد ۔ 20مارچ ( سیاست نیوز) ملک بھر میں سنسنی پیدا کرنے والے دہلی شراب اسکام میں ای ڈی عہدیداروں نے بی آر ایس کی رکن کونسل کے کویتا سے 10 گھنٹوں سے زیادہ پوچھ تاچھ کے بعد 21 مارچ منگل کو دوبارہ 11بجے حاضر ہونے کی نوٹس دیتے ہوئے روانہ کردیا جس کے بعد پارٹی حامیوں کے قافلے میں کویتا دہلی میں چیف منسٹر کی قیام گاہ کیلئے روانہ ہوگئی ۔ پیر کی صبح 10:30 بجے کویتا ای ڈی کے دفتر کیلئے روانہ ہوئی اور رات 9:14 بجے باہر نکلی تب تک ٹی آر ایس حلقوں میں تجسس برقرار رہا ۔ کویتا کے ای ڈی دفتر سے باہر نکلنے کے بعد پارٹی قائدین نے راحت کی سانس لی ۔ پارٹی حلقوں میں بے چینی دیکھی گئی جب شام میں وکلاء اور ڈاکٹرس کی ٹیم جیسے ہی ای ڈی کے دفتر میں داخل ہوئی تب الجھن بڑگئی ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ای ڈی عہدیداروں نے دن میں ارون رامچندر پلائی و شام میں دہلی کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا اور امیت اروڑہ کی موجودگی میں کویتا سے پوچھ تاچھ کی ہے ۔ بالخصوص ارون پلائی اور کویتا کے درمیان شراب کی تجارتی تعلقات پر سوالات کئے گئے اس کے علاوہ شراب اسکام میں ساؤتھ گروپ میں کویتا کے رول پر بھی پوچھ تاچھ کی گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں دیگر ملزمین نے جو بیان قلمبند کرایا ہے اس کی بنیاد پر کویتا سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ کویتا سے پہلے جو پوچھ تاچھ کی گئی تھی اس کی بنیاد پر تمام ملزمین اور شراب اسکام میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کرنے والی کویتا کو ایک دوسرے کو سامنے بٹھاکر سوالات کئے گئے ۔ ان کے ماضی میں دیئے گئے بیانات اور تازہ بیانات کو بھی قلمبند کیا گیا ہے ۔ تمام دستاویزات پر کویتا کے دستخط لئے گئے ۔ ای ڈی دفتر سے باہر نکلتے ہوئے کویتا نے اپنے حامیوں کو وکٹری (V) کا نشان دکھاتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ای ڈی عہدیداروں نے کویتا سے پی ایم ایل اے سیکشن 50 کے تحت سوالات کئے ۔ شراب اسکام میں کویتا پر منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں ۔ ایک طرف جب ای ڈی کی پوچھ تاچھ جاری تھی تلنگانہ کے ایڈیشنل اے جی کے علاوہ وکلاء سوما بھارت اور جی موہن راؤ اور ڈاکٹرس ای ڈی آفس پہنچے ۔ کویتا سے پوچھ تاچھ کرنے والے عہدیداروں نے انہیں منگل کو صبح 11بجے طلب کیا ۔ واضح رہے کہ دہلی شراب اسکام میں ای ڈی عہدیداروں نے پہلے 8 مارچ کو کویتا کو نوٹس جاری کرکے 9مارچ کو پوچھ تاچھ کیلئے دہلی پہنچنے کی ہدایت دی تھی جس پر کویتا نے 10مارچ کو دہلی میں خواتین تحفظات بل کے احتجاج کے پیش نظر 11مارچ کو پہنچنے کی اطلاع دی اور 11مارچ کو ای ڈی نے کویتا سے 8 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے بعد انہیں 16مارچ کو دوبارہ حاضر ہونے کی نوٹس دی تھی جس پر کویتا 15مارچ کو ای ڈی نوٹس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوگئی ۔ سپریم کورٹ نے کویتا کی درخواست پر 24مارچ تک سماعت ملتوی کردی ۔ 16 مارچ کو خود ای ڈی عہدیداروں کے سامنے رجوع ہونے کے بجائے اپنے وکیل کو دستاویزات کے ساتھ روانہ کردیا تھا جس پر ای ڈی نے ایک اور نوٹس جاری کرکے 20 مارچ کو حاضر ہونے ہدایت دی اور ساتھ ہی سپریم کورٹ میں ایک کیویٹ داخل کرکے اس کے دلائل کی سماعت بغیر کویتا کی درخواست پر کوئی فیصلہ نہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ن
چیف منسٹر کا بارش سے متاثرہ اضلاع کا امکانی دورہ
حیدرآباد 20 مارچ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر منگل 21 مارچ یا چہارشنبہ 22 مارچ کو بارش اور طوفانی ہواوں سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کرسکتے ہیں۔ کے سی آر نے متعلقہ وزراء ‘ چیف سکریٹری و دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ طوفانی ہواوں سے فصلوں کو نقصانات کی تفصیل تیار کریں۔ اس کا جائزہ لینے کے بعد دورہ کا فیصلہ کیا جائیگا ۔