میلبورن: کپتان اجنکیا رہانے (104 ناٹ آؤٹ) کی ذمہ دار کپتانی والی سنچری اور ان کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ (40 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لئے 104 رن کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے دوسے دن اتوار کوپانچ وکٹ پر 277 رن بناکر پہلی اننگز میں 82 رن کی اہم برتری حاصل کرلی۔ رہانے نے اپنے کیریئر کی 12 ویں اور بطور کپتان پہلی سنچری اسکور کی۔ رہانے کا یہ بطور کپتان تیسرا ٹیسٹ ہے اور یہ سنچری ایسے وقت میں آئی جب ہندوستان کو اس کی اشد ضرورت تھی۔ ہندوستان پہلا ٹیسٹ ہار گیا، ایڈیلیڈ میں ان کی دوسری اننگز ان کے کم ترین اسکور 36 تک سمٹ گئی اور باقاعدہ کپتان ویراٹ کوہلی جنوری میں اپنے پہلے بچے کی ولادت کی وجہ سے وطن واپس ہوگئے تھے ۔ 32 سالہ رہانے نے اس طرح کے مشکل حالات میں جنگجو کی طرح محاذ سنبھال کر سنچری والی اننگز کھیلی۔ رہانے نے پیٹ کمنس کو چار چوکے لگاکر اپنی سنچری مکمل کی۔ رہانے کے سنچری مکمل کرتے ہی پورے ہندوستانی کیمپ میں سبھی نے اپنی جگہ پر کھڑے ہوکر اپنے کپتان کا اس شاندار اننگز پرتالیاں بجاتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ہندوستان کی پہلی اننگز میں نوجوان اوپنر شبھمن گل نے 45، چیتشور پجارا نے 17، ہنوما وہاری نے 21 اور وکٹ کیپر رشبھ پنت نے 29 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے مشل اسٹارک اور پیٹ کمنس نے دو، دو اور ناتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ رہانے کو ان کی اننگز میں دو زندگیاں ملیں جن کا افسوس آسٹریلیا کو رہے گا۔ دونوں دفعہ بدقسمت بالر مشل اسٹارک تھے ۔ اسٹیون اسمتھ نے رہانے کا پہلی بار سلپ پر کیچ چھوڑا، تب ان کا اسکور 73 رن تھا۔ دوسری بار ان کا کیچ 104 رنز کے اسکور پر ٹریوس ہیڈ نے چھوڑ دیا۔ ہیڈ نے گیند تو پکڑ لی تھی لیکن ہاتھ زمین سے ٹکراتے ہی گیند ہاتھوں سے نکل گئی۔ یہ موقع ملنے کے فوراً بعد بارش شروع ہوگئی اور دوسرے دن کا کھیل بھی ختم ہوگیا۔ٹیسٹ ٹیم میں ردھیمان ساہا کی جگہ شامل کئے گئے پنت نے اپنی پوری افادیت کا ثبوت دیا اور اپنے کپتان کا بخوبی ساتھ دیا۔ پنت کا وکٹ 173 کے اسکور پر گرا۔ پنت نے 40 گیندوں پر 29رنز میں تین چوکے لگائے۔ رہانے پھر جڈیجہ کے ساتھ ٹیم کو چائے کے وقت تک 189 تک لے گئے ۔دونوں بلے بازوں نے دن کے آخری سیشن میں ٹیم کو مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ دن کے اختتام تک ہندوستان کو 82 رنز کی نمایاں برتری حاصل تھی۔ آسٹریلیا کیلئے اسٹارک نے 61 رن دے کر دو وکٹ، کمینزنے 71 رن پر دو وکٹ اور لیون نے 52 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔