کھمم میں میڈیکل کالج اور کینسر کیر ہاسپٹل کی منظوری

   

سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ طرز کا علاج، وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کا بیان

حیدرآباد ۔29 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت نے کھمم ضلع میں کینسر کیر ہاسپٹل کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر سے متعلق تمام امراض کے علاج اور ادویات کی فراہمی کا ضلع ہیڈکوارٹر پر عنقریب آغاز ہوگا۔ حکومت نے عوام کی صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور کینسر کے کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ضلع میں خصوصی ہاسپٹل کے قیام کو منظوری دی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ضلع کے سرکاری ہاسپٹل میں امراض قلب کے معائنہ کا کیمپ شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں امراض قلب میں اضافہ کا رجحان ہے۔ ہر سال 1.8 کروڑ افراد دنیا میں امراض قلب سے فوت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن کے ساتھ زندگی بسر کرنا اور بہتر غذا کے استعمال کے علاوہ ہلکی ورزش سے امراض قلب سے بچاؤ ممکن ہے ۔ اجئے کمار نے بتایا کہ جب وہ پہلی مرتبہ کھمم سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے ، اس وقت ضلع ہاسپٹل میں 200 بستر کی گنجائش تھی لیکن سہولتوں کا فقدان تھا۔ ہاسپٹل کی گنجائش کو 500 بستر کرتے ہوئے عصری علاج کی سہولتیں متعارف کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کھمم کیلئے میڈیکل کالج کی منظوری دی ہے اور آئندہ سال سے کلاسس کا آغاز ہوگا۔ خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کی طرز پر سرکاری دواخانوں میں طبی خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو بہتر علاج اور آپریشن کیلئے حیدرآباد جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ضلع ہاسپٹل میں بائی پاس سرجری اور دیگر آپریشن مفت کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے طبی شعبہ کے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے میڈیکل ڈپارٹمنٹ میں 21073 نئی جائیدادوں کی منظوری دی ہے ۔ کے سی آر کٹس اور آروگیہ شری اسکیمات کے علاوہ حکومت نے ہر ضلع میں ڈیاگناسٹک سنٹرس قائم کئے ہیں جہاں کئی ٹسٹ مفت کئے جارہے ہیں۔ر