کیرالا میں یو ڈی ایف کی جیت پر راہول نے ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کیا

   

نئی دہلی ۔4 مئی (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کیرالا میں متحدہ جمہوری محاذ (یو ڈی ایف) کی جیت کے بعد ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ گاندھی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ کیرالا کے لوگوں کا شکریہ۔ انہوں نے اس جیت کو فیصلہ کن عوامی مینڈیٹ قرار دیا اور کہا کہ کیرالا کے عوام نے جس اعتماد کے ساتھ یو ڈی ایف کو منتخب کیا ہے ، وہ ذمہ داری کو مزید بڑھاتا ہے ۔ انہوں نے انتخابی مہم میں شامل تمام لیڈروں اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک مشکل لیکن منظم مہم قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیرالا میں صلاحیت اور بے پناہ امکانات موجود ہیں، اور اب یو ڈی ایف حکومت کے پاس ایک واضح وژن ہے جس کے ذریعہ ان صلاحیتوں کا صحیح استعمال کیا جائے گا۔ گاندھی نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی کیرالا جا کر اپنے ’کیرالا پریوار‘سے ملنے کیلئے بے تاب ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ کیرالا میں مارکسی کمیونسٹ پارٹی (ایم سی پی) کی قیادت والی حکومت کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔