ٹرمپ کی من مانی نہیں چلے گی، ویزا اور داخلہ دینے سے انکارپر چیف منسٹر کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی طرح کے سی آر نے بھی من مانی فیصلے کئے تھے اور عوام نے انہیں اقتدار سے معزول کردیا ۔ نئی دہلی میں پبلک افیرس فورم آف انڈیا کی 12 ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کے دوران مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے یہ ریمارکس کئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بھی ایک ٹرمپ تھا لیکن عوام نے ٹرمپ کو ہٹادیا ۔ انہوں نے کہا کہ من مانی کرنے والا کوئی بھی شخص ٹرمپ ہوسکتا ہے ۔ ٹرمپ کو رات میں خواب میں جو نظر آتا ہے ، وہ دوسرے دن احکامات جاری کرتے ہیں۔ یہ زیادہ دن چلنے والا نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کچھ دن کیلئے یہ مسئلہ رہے گا جو ختم ہوجائے گا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹرمپ کے فیصلوں سے ہندوستان سے زیادہ امریکی معیشت پر منفی اثر پڑ ے گا۔ اگر وہ ہندوستانیوں کو ویزا دینے اور ہندوستانی طلبہ کو یونیورسٹیز میں داخلہ دینے سے انکار کرتے ہیں تو تمام امریکی تعلیمی ادارے حیدرآباد آنے کے لئے تیار ہیں۔ میں نے ہاورڈ یونیورسٹی اور دوسروں سے بات چیت کی ہے ۔ لندن اسکول آف اکنامکس اور دوسرے ادارے بھی حیدرآباد آنے کے لئے تیار ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ٹرمپ کی میعاد 4 سال ہے جس میں ایک سال ختم ہوچکا ہے اور مزید 3 سال باقی ہیں۔ نریندر مودی کو ایک دن اپنا دوست قرار دیتے ہیں اور دوسرے دن 5 0 فیصد ٹیرف عائد کیا جا تا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ من مانی اور مرضی مطابق فیصلے زیادہ دن نہیں چل سکتے اور صورتحال کے خاتمہ کیلئے کچھ وقت لگے گا۔1