برقع پوش خاتون کو بس میں سوار کرانے سے انکار ، کنڈکٹر معطل

   

چینائی ۔ 17 ستمبر (ایجنسیز) ٹاملناڈو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ایک پرائیویٹ بس اور اس کے کنڈکٹر کے لائسنس منسوخ کردیئے کیونکہ کنڈکٹر نے ایک برقع پوش مسلم خاتون کو بس میں سوار کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ضلع تیروچندور میں پیش آئے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں خاتون اور بس کنڈکٹر کے درمیان تکرار دیکھی جاسکتی ہے۔ مسلم خاتون ضلع تھوٹو کڈی کے علاقہ کائل پٹنم کو جارہی تھی اور اس کے پاس ٹکٹ بھی تھا۔ جب خاتون بس میں سوار ہونے لگی تو کنڈکٹر نے اسے روک دیا اور دیگر مسافروں کو سوار ہونے دیا۔ خاتون نے بس کا ٹکٹ بتایا لیکن کنڈکٹر نے کہا کہ بس کے مالک نے اسے بس میں سوار ہونے سے روکنے کی ہدایت دی ہے۔ کنڈکٹر نے بس کے مالک کا نمبر بھی دیا۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی کارپوریشن نے وی وی ایس فورس اینڈ ٹراویل اور کنڈکٹر کے لائسنس منسوخ کردیئے۔