کے سی آر جب تک زندہ ہے تلنگانہ ریاست سیکولر برقرار رہے گی

   

تمام طبقات کی یکساں ترقی، تلنگانہ پر اللہ کی مہربانی، کھمم اور کتہ گوڑم میں عام جلسوں سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ جب تک کے سی آر زندہ ہے تلنگانہ سیکولر ریاست رہے گی جس کا میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں۔ بی آر ایس کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر نے آج پرجا آشیرواد سبھا کے تحت کتہ گوڑم اور کھمم میں عام جلسوں سے خطاب کیا۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار کے حق میں جلسہ سے خطاب میں چیف منسٹر نے خاص طور پر مسلم ووٹرس کو مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران میں نے کتہ گوڑم، یلندو اور کھمم کا دورہ کیا تھا۔ میں نے اس وقت بھی کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے بھروسہ پر ہم جدوجہد کررہے ہیں اور یہ انصاف کی جنگ ہے۔ اگر ہماری نیت اور نیتی ٹھیک ہوگی تو اللہ تعالیٰ سے ضرور کامیابی ملے گی۔ ہماری نیت میں نیکی تھی لہذا ہماری جیت ہوئی اور اللہ کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ پر اللہ تعالیٰ کا کرم ہوا اور ہمیں نئی ریاست ملی ہے۔ تلنگانہ پر اللہ تعالیٰ کے کرم کے نتیجہ میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ میں فخر کے ساتھ یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ اقلیتوں کی ترقی کیلئے بی آر ایس حکومت نے مثالی کام کیا ہے۔ ہم سے پہلے 10 برس کانگریس برسراقتدار رہی اور دس برسوں میں اقلیتی بہبود پر صرف 900 کروڑ خرچ کئے گئے۔ بی آر ایس حکومت نے 9 سال 6 ماہ میں 1200 کروڑ خرچ کئے اس سے ہر کوئی سمجھ سکتا ہے کہ کون اقلیتوں کا ہمدرد ہے۔ مسلمانوں کو ہمیشہ ووٹ بینک بناکر ووٹ لوٹے گئے اور ناانصافی کی گئی۔ ہم بلالحاظ مذہب و ملت تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ امن پسند ریاست ہے اور جب تک کے سی آر زندہ ہے سیکولر ریاست رہے گی میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں، اس بارے میں فکر کی کوئی ضرورت نہیں۔ چیف منسٹر نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے اقامتی اسکولس کے قیام کا حوالہ دیا اور کہا کہ اقامتی اسکولس اب جونیر کالجس میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ اقلیتی اقامتی اسکولوں اور جونیر کالجس کے بہتر نتائج کے بارے میں ہر کوئی واقف ہے۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پارٹی اور امیدوار کے ٹریک ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا بہتر فیصلہ تلنگانہ کے تابناک مستقبل کو یقینی بنائے گا ورنہ مشکلات درپیش ہوں گی۔ الیکشن میں کئی امیدوار میدان میں آتے ہیں اور تلنگانہ میں بی جے پی، کانگریس اور آزاد امیدوار بھی میدان میں رہیں گے۔ ہر امیدوار اور اس کی پارٹی کی کارکردگی اور ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے ووٹ کا استعمال کرنا چاہیئے۔ کے سی آر نے کہا کہ پانچ سال تک ریاست کے بہتر مستقبل کیلئے عوام کو دانشمندی کے ساتھ فیصلہ کرنا چاہیئے۔ جمہوریت میں ووٹ رائے دہندوں کا اہم ہتھیار ہے اور اس کے موثر استعمال کے ذریعہ عوام کی حقیقی جیت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ جمہوریت میں ووٹ کا صحیح استعمال تابناک مستقبل کی ضمانت ہوتا ہے بصورت دیگر مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے کتہ گوڑم اور کھمم کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے کئی منصوبوں کا وعدہ کیا۔ چیف منسٹر نے کتہ گوڑم کے عوام کو یقین دلایا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت بھی بی آر ایس کی ہوگی جس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے، میں چیف منسٹرکی حیثیت سے سیتا رام آبپاشی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھوں گا۔