چیف منسٹر ریونت ریڈی نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے شرمندہ خواب کی تکمیل کی ، عثمان محمد خاں
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائد عثمان محمد خاں نے کانگریس کے ایک سالہ دور حکومت کو تلنگانہ ریاست کی تاریخ کا سنہرا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ایک سال میں 55,143 سرکاری ملازمتیں فراہم کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے ۔ تلنگانہ تحریک تین مطالبات پر چلائی گئی تھی جس میں روزگار کے مسئلہ پر سارے نوجوان ، بیروزگار اور طلبہ متحد ہوتے ہوئے تحریک میں نئی جان ڈال دی تھی ۔ تلنگانہ جذبہ کا احترام کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی تھی تاہم بی آر ایس کا 10 سالہ دور حکومت مایوس کن رہا ہے ۔ ریاست کو 7 لاکھ کروڑ روپئے کا مقروض بنادیا گیا ۔ کے سی آر نے صرف اپنے ارکان خاندان کو سیاسی روزگار فراہم کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کو فراموش کردیا تھا ۔ تاہم کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد وعدے پر عمل کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ایک سال میں 55,143 سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں ۔ کے سی آر خاندان کے صرف 4 افراد بے روزگار ہونے پر ریاست کے 55,143 بیروزگار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوا ہے ۔ سب سے زیادہ محکمہ داخلہ میں 16,067 محکمہ تعلیم میں 11,062 محکمہ صحت میں 6956 محکمہ اقلیتی بہبود میں 1395 ملازمتیں بے روزگار نوجوانوں کو حاصل ہوئی ہیں ۔ کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی قابل ستائش ہے ۔ آئندہ چار سال میں کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی ۔ ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں صرف اپوزیشن جماعتیں مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں ۔ بی جے پی اور بی آر ایس ایک دوسرے سے خفیہ ساز باز کرتے ہوئے حکومت کو بدنام کرنے کیلئے گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں ۔ مگر ان کی یہ سازشیں ناکام ہوں گی ۔۔ 2