کے سی آر کا تلنگانہ سے تعلق ختم : ایٹالہ راجندر

   


بی آر ایس کے خواب کی تعبیر نہیں ہوگی ، سابق وزیر و رکن اسمبلی بی جے پی کا ردعمل
حیدرآباد۔5۔اکٹوبر(سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی کے قیام کے ذریعہ چیف منسٹر تلنگانہ نے تلنگانہ سے اپنے تعلق کو منقطع کرلیا ہے ۔ رکن اسمبلی بھارتیہ جنتا پارٹی و سابق ریاستی وزیر فینانس نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے قومی سیاست میں داخلہ اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کو بھارت راشٹر سمیتی میں تبدیل کرنے کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ کے سی آر اب قومی سطح پر سیاست میں حصہ لینے کا خواب دیکھ رہے ہیں‘ جو کہ خواب ہی رہ جائے گا کیونکہ وہ لوگ جو ریاست کے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اور تلنگا نہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے موقف میں نہیں ہیں انہیں قومی سطح پر کوئی قبول نہیں کرے گا۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے ذریعہ جمع کی گئی دولت کے ذریعہ قومی سیاست میں حصہ لینے کا خواب دیکھنے والے کے چندر شیکھر راؤ کو چاہئے کہ وہ ریاست کے عوام سے کئے گئے وعدو ں کو پورا کرنے کے بعد ملک کی دیگر ریاستوں کے متعلق فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ کی پالیسیاں اور بدعنوانیاں مشہور ہیں اور ان حالات میں کے سی آر جو کوشش کر رہے ہیں وہ دراصل تلنگانہ سے اپنے تعلق کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی بدعنوانیوں کو منظر عام پرلانے کے اقدامات کے دوران کے سی آر بلیک میل کی سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔م