کے ٹی آر شہر میں جلد ہی دو اسکائی ویز کا افتتاح کرینگے

   

حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شیخ پیٹ میں فلائی اوور کا کام قریب الختم ہونے کے ساتھ شہر کے مغربی حصہ میں انفراسٹرکچر میں جلد ہی ایک اور اضافہ ہوگا اور چندرائن گٹہ میں ایک اور تین لین دو رخی فلائی اوور کا جلد ہی آغاز ہوگا ۔ ان دونوں اسکائی ویز کا افتتاح دسمبر کے ختم تک وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ کریں گے ۔ شیخ پیٹ فلائی اوور کی تعمیر جو اپریل 2018 میں شروع ہوئی تھی زائد از تین سال سے جاری ہے ۔ اور 30 دسمبر شائد اس کے مکمل ہونے کی تاریخ ہے ۔ اب تک تقریبا 98 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے جس میں 74 پلرس ، 72 پائیر کیاپس ، 432 گرڈرس ، 152 کمپوزٹ گرڈرس اور 73 سلابس کے ساتھ یہ کام ہوا ہے ۔ جب کہ چندرائن گٹہ میں تعمیر کئے جارہے فلائی اوورس سے اویسی ہاسپٹل جنکشن اور مدھانی جنکشن پر ٹریفک ہجوم کم ہوگا اور ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی ہوگی ۔ یہ دو مقامات چندرائن گٹہ میں مصروف ترین مقامات ہیں ۔ شیخ پیٹ میں ایس آر ڈی پی کے تحت 335 کروڑ روپئے مصارف سے تعمیر کئے جارہے فلائی اوور کا مقصد ریتی باولی اور گچی باولی کے درمیان سڑک پر ٹریفک ہجوم کو کم کرنا ہے جو انر رنگ روڈ اور آوٹر رنگ روڈ کے درمیان ایک انٹر میڈیٹ رنگ روڈ ہے ۔ چندرائن گٹہ میں ایس آر ڈی پی کے تحت 63 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت سے فلائی اوور تعمیر کیا جارہا ہے جو توقع ہے کہ دسمبر تک کارکرد ہوجائے گا ۔۔