سیاسی مفادات کیلئے ان کا نام گھسیٹنے اور حکومت کی نیک نامی کو متاثر کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 23مارچ ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویش کمیشن کے پرچوں کے افشاء پر ان کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے والے تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اے ریونت ریڈی اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو لیگل نوٹس روانہ کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ صرف سیاسی مفادات کی خاطر پرچوں کے افشاء معاملہ میں ان کے نام گھسیٹنے حکومت کی نیک نامی کو متاثر کرنے کی سازش کے خلاف لیگل نوٹس روانہ کی گئی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو ایک خود مختار ادارہ قرار دیا ہے ۔اس کے بارے میں کوئی علم رکھے بغیر جھوٹے الزامات عائد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہاکہ آزادانہ اور منصفانہ انداز میں ملازمتوں کی فراہمی کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو تشکیل دیا گیا ہے لیکن بنڈی سنجے اور ریونت ریڈی کی جانب سے حکومت کو بدنام کیا جارہا ہے ۔ سرکاری نظم و نسق کا کوئی علم رکھے بغیر الزامات و جوابی الزامات عائد کرتے ہوئے نوجوانوں بالخصوص بیروزگار نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے امتحانی پرچوں کے خلاف کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے تقررات کے عمل کو روکنے کیلئے غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ، یہی قائدین ملازمتوں کے نوٹیفکیشن کی اجرائی سے قبل حکومت پر الگ الزامات عائد کررہے تھے ۔ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد الگ الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ اس طرح دونوں جماعتوں کے قائدین روزگار کیلئے امید رکھنے والے نوجوانوں کے حوصلے پست کررہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ دونوں سیاسی جماعتوں پر ہرگز بھروسہ نہ کریں اور اپنے مسابقتی امتحانات کی تیاری کریں ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مستقبل میں منعقد ہونے والے امتحانات کو مزید موثر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ن