حیدرآباد۔28۔اگسٹ(سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر و کارگذار صدر بھارت راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ کے فارم ہاؤز جنواڑہ کا آج 6 عہدیداروں پر مشتمل محکمہ آبپاشی اور محکمہ مال کی ٹیم نے دوبارہ معائنہ کرتے ہوئے اسے ’’فرنگی نالہ‘‘ پر تعمیرشدہ فارم ہاؤز قراردیا۔ ذرائع کے مطابق اس فارم ہاؤز کی تعمیر کے دوران فرنگی نالہ پر 66 فیٹ تک قبضہ کیاگیا ہے جبکہ مابقی علاقہ بھی ایف ٹی ایل اور بفر زون کا حصہ ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی نگرانی میں کئے گئے اس معائنہ کے دوران محکمہ مال اور محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کی ٹیم نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ موضع جنواڑہ ‘ شنکر پلی منڈل ‘ ضلع رنگاریڈی میں سروے نمبر 311 میں موجود 1210مربع گز کے اس فارم ہاؤز کا بیشتر حصہ بفر زون اور ایف ٹی ایل کا حصہ ہے علاوہ ازیں ’فرنگی نالہ‘ جو کہ معروف تاریخی نالہ ہے اس پر 66 فیٹ تک قبضہ کیا گیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے اس فارم ہاؤز کے متعلق کہا تھا کہ یہ فارم ہاؤز ان کی ملکیت نہیں ہے بلکہ انہوں نے ان کے دوست سے لیز پر یہ فارم ہاؤز حاصل کیا ہوا ہے۔ گذشتہ یوم محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے اس فارم ہاؤز اور فرنگی نالہ حدود کا معائنہ کیا تھا اور اس معائنہ کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ کی تیاری کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کو صورتحال سے واقف کروایا جس پر اعلیٰ عہدیداروں نے آج پولیس کی نگرانی میں معائنہ کرتے ہوئے اس بات کی توثیق کی ہے کہ مذکورہ فارم ہاؤز فرنگی نالہ پر تعمیر کیاگیا ہے اور اس کی تعمیر کے نتیجہ میں نالہ کے بہاؤ میں بھی رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔علاوہ ازیں فارم ہاؤز ایف ٹی ایل اور بفر زون کا حصہ ہے ۔ جنواڑہ فارم ہاؤز کے معائنہ کے دوران موجود عہدیداروں نے فرنگی نالہ حدود کے علاوہ اطراف موجود تالاب و دیگر پانی کے بہاؤ کے راستوں کے حدود کا بھی جائزہ لیا۔3