کے ٹی آر کے خلاف الیکشن کمیشن سے کانگریس کی شکایت

   

حیدرآباد ۔3۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ ، وزیر قبائلی بہبود ستیہ وتی راتھوڑ اور سابق چیف سکریٹری سومیش کمار کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے چیف الیکشن کمیشن راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ کے ٹی راما راؤ نے شیڈول کاسٹ طبقہ سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں کے اجلاس میں ریاستی وزیر ستیہ وتی راتھوڑ اور سابق چیف سکریٹری سومیش کمار کے ساتھ شرکت کی ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے کے سی آر کی تیسری مرتبہ کامیابی کا دعویٰ کیا اور نوجوان صنعت کاروں کو اپوزیشن کے خلاف جدوجہد کیلئے اکسایا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ صنعت کاروں کو حکومت کی اسکیمات کی تشہیر کا مشورہ دیا گیا۔ سرکاری اسکیم کے استفادہ کنندگان کے لئے یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔