ملاقات کرنے والوں کو ٹسٹ کرانے کا مشورہ ، صحت یابی کیلئے وزراء کے پیامات
حیدرآباد: وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اور بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جمعہ کو کے ٹی آر نے ٹوئیٹر پر یہ انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ میرا کورونا ٹسٹ پازیٹیو آیا ہے اور مرض کی معمولی علامات ہیں۔ فی الوقت میں اپنی قیامگاہ پر آئسولیشن میں ہوں۔ گزشتہ چند دنوں میں مجھ سے ملاقات کرنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنا ٹسٹ کرائیں اور کورونا قواعد کی پابندی کریں۔ چیف منسٹر سے قربت رکھنے والے افراد رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار کے بعد کے ٹی آر کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔ یہ دونوں چیف منسٹر کے ساتھ فارم ہاؤز میں مقیم تھے اور ٹسٹوں کیلئے شہر آمد کے موقع پر بھی ساتھ رہے۔ سنتوش کمار کل کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کی شریک حیات شوبھا بھی فارم ہاوز میں مقیم ہیں۔ اسی دوران ریاستی وزیر ہریش راؤ نے کے ٹی آر اور سنتوش کمار کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ریاستی وزراء ستیہ وتی راتھوڑ ، دیاکر راؤ ، جگدیش ریڈی، پرشانت ریڈی اور دیگر قائدین نے بھی کے ٹی آر کی عاجلانہ صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اسی دوران چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ ڈاکٹرس کی نگہداشت میں ہے۔ وقفہ وقف سے بلڈ پریشر اور پلس ریٹ کی جانچ کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر معمول کی غذاء استعمال کر رہے ہیں۔