ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ برطانیہ کے تین روزہ دورہ پر آج روانہ ہوگئے۔ وہ یو کے ۔ انڈیا بزنس کونسل کی جانب سے منعقد ہونے والے مختلف اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ برطانیہ کے دورہ کے بعد کے ٹی راما راؤ ڈاؤس روانہ ہوں گے جہاں 22 تا 26 مئی ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر اپنے دورہ کی اطلاع دی اور کہا کہ برطانیہ کے تین روزہ دورہ پر روانہ ہوا ہوں اور برطانیہ کے علاوہ ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کروں گا۔ انہوں نے لکھا کہ دورہ کے موقع پر کئی اجلاس اور ملاقاتیں منتظر ہیں۔ کے ٹی آر کے ہمراہ سینئر عہدیدار بھی دورہ میں شامل ہیں جو برطانیہ کی مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کی جائے گی۔ ورلڈ اکنامک فورم کا اجلاس 17 تا 21 جنوری مقرر تھا تاہم کورونا کی صورتحال کے سبب ملتوی کردیا گیا۔ فورم کے صدر بورج برینڈے نے اجلاس میں کے ٹی آر کو مدعو کرتے ہوئے ان کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور ٹکنالوجی پاور ہاوز کے طور پر تبدیل کرنے کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے معاشی ترقی اور دیگر شعبوں میں ترقی کی ستائش کی۔ کے ٹی آر نے بورج برینڈے کی دعوت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ عالمی سطح پر تلنگانہ کی ترقی کو پیش کرنے کا ایک اور موقع حاصل ہوا ہے۔ر