گؤرکھشا کے نام پر آرین قتل کیلئے ہریانہ حکومت ذمہ دار

   

بی جے پی حکمرانی میں فرقہ وارانہ دہشت کا پھیلاؤ، عام آدمی پارٹی کا دعویٰ

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے فرید آباد میں گائے کے تحفظ کے نام پر 12ویں کلاس کے طالب علم آرین مشرا کے قتل کیلئے بی جے پی اور ہریانہ کی نائب سنگھ سینی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔آپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے چہارشنبہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا ہریانہ کے فرید آباد میں دل دہلا دینے والا ایک واقعہ پیش آیا، جس میں گائے کے تحفظ کے نام پر انسانیت کا قتل کیا گیا ہے ۔ گائے کے تحفظ کے نام پر دہشت پھیلائی جا رہی ہے ۔ یہ کون لوگ ہیں جو گائے اور ہندو مذہب کے تحفظ کے ٹھیکیدار ہیں؟ اسے یہ ذمہ داری کس نے دی ہے ؟ ملک کے وزیراعظم ایسے تمام معاملات پر ایک لفظ بھی نہیں کہتے ۔ بی جے پی اس طرح کے قتل پر خاموش ہے ۔ ہریانہ کی بی جے پی حکومت بھی اس طرح کے قتل پر خاموش ہے ۔ اس کا صاف مطلب ہے کہ ہریانہ کی بی جے پی حکومت خود اس طرح کے قتل کی سرپرستی کر رہی ہے اور انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہے ۔سنگھ نے کہاکہ یہ لوگ جو خود کو نام نہاد گائے کے محافظ کہتے ہیں، بی جے پی اور ہریانہ حکومت کے تحفظ میں کام کر رہے ہیں۔ یہ اس طرح کا پہلا کیس نہیں ہے ۔ چند روز قبل گروگرام میں بنگال کے ایک غریب مزدور کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ بی جے پی کی ساری سیاست صرف ہندوؤں اور مسلمانوں پر منحصر ہے ۔ ان لوگوں کے دل صرف نفرت سے بھرے ہوئے ہیں۔ پہلے مسلمانوں کو مارو، ان کے گھر گراؤ، پھر ہندوؤں کو مارو، ان کے گھر گراؤ، پھر دلتوں اور قبائلیوں کو مارو، ان کے گھر گراؤ۔ اس قتل کے پیچھے ہریانہ حکومت اور بی جے پی کا ہاتھ ہے ۔ آرین مشرا کے والد نے بہت درد کے ساتھ کہا ہے کہ مودی سرکار ایسے قتل کو بڑھاوا اور تحفظ دے رہی ہے ۔