جموں۔ جموں وکشمیر کے ریاسی ضلع میں اتوار کو دو بھاری ہتھیاروں سے لیس لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے دہشت گردوں کو گاؤں والوں نے قابو کر لیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے یہ جانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ نے گاؤں والوں کی ہمت کی تعریف کی اور ان کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ ٹکسن ڈھوک گاؤں میں پیش آیا اورگرفتار دہشت گردوں میں لشکر کمانڈر طالب حسین بھی شامل ہے جو راجوری ضلع کا رہنے والا ہے جو ماضی میں ضلع میں آئی ای ڈی دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا۔جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے یہاں ایک بیان میں کہاآج تکسان ڈھوک کے دیہاتیوں نے لشکر کے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو پکڑنے میں بے پناہ ہمت کا مظاہرہ کیا، جو پولیس اور فوج (راجوری میں) سے مسلسل لڑ رہے ہیں۔ اس نے دوسرے پکڑے گئے دہشت گرد کی شناخت جنوبی کشمیر کے پلوامہ کے فیض احمد ڈارکے طور پر کی اور کہا کہ گرفتار دہشت گردوں کے پاس سے دو اے کے رائفلیں، سات گرینیڈ، ایک پستول اور ایک گولی اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا ہے ۔