جے پور، 17 فروری (یو این آئی) راجستھان کی 16ویں اسمبلی کے پانچویں اجلاس میں بی جے پی اور کانگریس کے اراکین کے درمیان تلخ کلامی اور نوک جھونک کے باعث ایوان کا ماحول گرم رہا، جس کے نتیجے میں کارروائی کئی بار ملتوی کرنا پڑی۔ایوان میں گائے کو راجیہ ماتا کا درجہ دینے اور گؤ کشی کے مسئلے پر بار بار شور شرابا ہوا جس کے باعث کارروائی شام 5 بج کر 15 منٹ تک متعدد مرتبہ ملتوی کرنی پڑی۔ بعد ازاں کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر اپوزیشن لیڈر ٹیکارام جولی نے کہا کہ جے پور میں گؤ کشی کے معاملے کی جانچ ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وقفۂ سوالات کے دوران جب یہ معاملہ اٹھا تو بی جے پی رکن گوپال شرما جذبات میں آ کر اپوزیشن کی جانب آگئے تھے ، اس لیے انہیں تحریکِ استحقاق کا نوٹس دیا جائے گا۔اس پر چیف وہپ جوگیشور گرگ نے کہا کہ کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بالواسطہ طور پر گوپال شرما کو گؤ کشی کا مرتکب قرار دیا تھا، جس سے ماحول کشیدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر گوپال شرما کے خلاف استحقاق کی کارروائی ہوگی تو راجاکھیڑا کے رکن اسمبلی کے خلاف بھی ہونی چاہیے ۔ پارلیمانی امور کے وزیر جوگارام پٹیل نے بھی اس مؤقف کی تائید کی۔اسمبلی اسپیکر واسودیو دیونانی نے ریکارڈنگ اور دستاویزات دیکھ کر فیصلہ کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد تعطل ختم ہو گیا۔ اس سے پہلے وقفۂ سوالات کے دوران بی جے پی رکن بالمکند آچاریہ نے پوچھا تھا کہ کیا ریاستی حکومت گائے کو راجیہ ماتا کا درجہ دینے پر غور کر رہی ہے ؟ اس پر وزیر زورارام کماوت نے کہا کہ حکومت گؤ ماتا کی خدمت کے لیے پوری طرح پابند ہے ، تاہم گائے کو راجیہ ماتا کا درجہ دینے کی کوئی تجویز فی الحال زیر غور نہیں۔اس دوران ٹیکارام جولی نے ضمنی سوال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت واضح نہیں کر رہی کہ گائے کو راجیہ ماتا کا درجہ دیا جائے گا یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گؤ کشی کے واقعات مسلسل ہو رہے ہیں، گزشتہ ہفتے جے پور میں بھی ایسا واقعہ پیش آیا اور ہنگونیا گؤ شالہ میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ ہوا۔ اس دوران حکمراں جماعت کے رکن گوپال شرما بلند آواز میں بولنے لگے ، جس پر اسپیکر نے انہیں بیٹھنے کی ہدایت دی۔ کانگریس اراکین نے نعرے بازی شروع کر دی جبکہ حکمراں جماعت کے بعض اراکین بھی بولنے لگے ۔ کانگریس کے چند اراکین نے پوسٹر دکھانے کی کوشش کی تو اسپیکر نے انہیں روک دیا۔ ہنگامہ بڑھنے پر 11 بج کر 41 منٹ پر کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔