دامودھر راج نرسمہا تین گھنٹے کارکنوں سے ملاقات کریں گے، 10 وزراء کے شیڈول کی تیاری
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پرجا پالنا کے تحت نظم و نسق کو عوام سے قریب کرنے کیلئے کل 25 ستمبر سے ریاستی وزراء کی گاندھی بھون میں آمد کے منصوبہ پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مشاورت کے بعد حکومت اور پارٹی میں بہتر تال میل اور کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے ریاستی وزراء کو گاندھی بھون میں موجود رہنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ پروگرام کے پہلے دن وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا صبح 11 تا دوپہر 2 بجے گاندھی بھون میں تین گھنٹے موجود رہیں گے اور کارکنوں اور عوام سے ملاقات کریں گے۔ اندرا بھون میں ملاقات کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے پرجا پالنا اور اندراماں راجیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کارکنوں میں پھیلی بے چینی دور کرنے کی مساعی کی ہے۔ ہفتہ میں دو دن چہارشنبہ اور جمعہ کو دو علحدہ وزراء گاندھی بھون میں تین گھنٹے کارکنوں اور عوام کیلئے دستیاب رہیں گے۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے حالیہ اجلاس میں وزراء کی گاندھی بھون میں موجودگی کا شیڈول تیار کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ کے مطابق 10 وزراء کی گاندھی بھون میں موجودگی کا شیڈول تیار کیا گیا ہے۔ 30 اکٹوبر کا شیڈول تیار کیا گیا جس کے تحت ڈی سریدھر بابو، این اتم کمار ریڈی، پونم پربھاکر، ڈی سیتکا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، کونڈا سریکھا، پی سرینواس ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ اور ٹی ناگیشورراؤ گاندھی بھون میں کارکنوں اور عوام سے ملاقات کریں گے۔1