سورت(گجرات): سورت میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) نے کپڑا تاجروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی دکانیں کھوتے وقت ”وندے ماترم“ اور بند کرتے وقت قومی گیت ”جن گن من“ گائیں۔ انگریزی روزنامہ دی انڈین ایکسپریس کے مطابق میونسپل کمشنر بی این پانی نے بتایا کہ عالمی وباء کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے دکانات کھولتے وقت وندے ماترم اور بند کرتے وقت جن گن من قومی گیت گائیں۔ ایس ایم سی کی جانب سے کپڑا تاجروں کو اس سلسلہ میں گائیڈ لائنس جاری کی گئی ہیں۔ کوویڈ۔19 کی وجہ سے کپڑے کی مارکٹ بند کردی گئی تھی انہیں اب دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سورت میونسپل کارپوریشن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحریک دینے والے نعرے جیسے ”ہارے گا کورونا۔ جیتے گاسورت“ ایک لکشیہ ہمارا ہے۔ کورونا کو ہرانا ہے۔ تاجروں کو کہا گیا کہ وہ اس بات پر حلف لیں کہ وباء کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل کروں گا اور حفاظتی تدابیر پر عمل کروں گا۔ ریاستی چیف سکریٹری (صحت و خاندان بہبود) جینتی روی،سورت میونسپل کارپوریشن حکام اور فیڈریشن آف سورت ٹیکسٹائل ٹریڈرس اسوسی ایشن کے اراکین کے ساتھ اجلاس کے بعد یہ احکامات جاری کئے گئے ہیں۔