گروپ 1 کی جملہ 563 جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کرنے حکومت کی ہدایت

   

حیدرآباد 6 فروری(سیاست نیوز) حکومت نے گروپI کی 503 جائیدادوں میں مزید 60جائیدادوں کو شامل کرکے 563جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کیلئے تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کو ہدایات دی ہیں۔ حکومت سے جی او ایم ایس نمبر 16 جاری کرکے پبلک سروس کمیشن سے خواہش کی گئی کہ وہ جلد اعلامیہ کی اجرائی اور تقررات کے اقدامات کا آغاز کرے۔گروپI جائیدادوں میں جن 60 نئی جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ان میں محکمہ فینانس میں اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر کی 1‘ محکمہ داخلہ میں ڈپٹی سپرٹنڈنٹ پولیس کی 24‘ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کی 3‘محکمہ لیبر اینڈ ایمپلائمنٹمیں ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفیسر کی 3‘ محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقیات میں ایم پی ڈی او کی 19اور ڈی پی او کی 2 جائیدادیں اور محکمہ مال میں ڈپٹی کلکٹر کی 3‘ اسسٹنٹ ایکسائز سپرنٹنڈنٹ کی 4 اور ڈسٹرکٹ رجسٹرار کی 1 جائیداد شامل ہے ۔ سابق حکومت کی جانب سے گروپ Iکے تحت 503 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کرکے امتحانات منعقد کئے تھے لیکن پرچوں کے افشاء کے بعد ان امتحانات کو کالعدم قراردیا گیا تھا ۔ انتخابات سے قبل کانگریس نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے جاب کیلنڈر جاری کیا تھا اور اس وعدہ کی تکمیل کے طور پر اضافی 60جائیدادوں کے ساتھ جی او جاری کرکے تقررات کے آغازکی ہدایت دی گئی ۔ پبلک سروس کمیشن سابقہ منسوخ شدہ امتحانات سے قبل موصولہ درخواستوں و دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریگا کہ ان 60جائیدادوں کیلئے سپلیمنٹری اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے یا سابقہ اعلامیہ کی تنسیخ کرتے ہوئے مکمل 563 جائیدادوں پر تقررات کے لئے تازہ اعلامیہ جاری کیا جائے۔3