جمبلنگ سسٹم کے تحت امتحان کا انعقاد 1041 امتحانی مراکز، آج سے ہال ٹکٹس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 8 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I پریلیمنری امتحان میں جمبلنگ سسٹم پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امتحان ہال میں ایک دوسرے کے بازو بیٹھ کر امتحان تحریر کرنے والے امیدواروں کو پرچہ سوالات کے علحدہ علحدہ سیٹس دیئے جائیں گے۔ عام طور پر اے بی سی ڈی الفاظ پر مشتمل پرچہ سوالات کے سیٹس تیار کئے جاتے ہیں۔ اس مرتبہ 001 یا 101 جیسے نمبرات پر مشتمل سیٹس تیار کئے جارہے ہیں جس کے بعد امتحانی ہال میں کونسے امیدوار کو کونسے سیٹ کا پرچہ سوالات ملا اس کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جارہے تاکہ بے قاعدگیوں پر قابو پایا جاسکے۔ امیدواروں کی ذمہ داری ہیکہ انہیں وصول ہونے والے سیٹ کا نمبر جوابی پرچہ پر ضرور تحریر کریں۔ اس پلیمنری امتحان کو او ایم آر شیٹ نظام کے تحت انعقاد کیا جارہا ہے۔ 16 اکٹوبر کو صبح 10 تا دوپہر ایک بجے پلیمنری کا انعقاد کیا جارہا ہے اور 9 اکٹوبر سے ہال ٹکٹس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی جملہ 503 جائیدادوں کیلئے 3,80,202 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ پلیمنری امتحان کیلئے ریاست بھر میں 1041 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز میں ہال کے سائز کے لحاظ سے 24 یا 36 یا پھر 48 امیدواروں کو امتحان تحریر کرنے کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن جناردھن ریڈی نے کہا کہ پلیمنری امتحان کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پلیمنری میں کوالیفائی کرنے والے امیدواروں کیلئے آئندہ سال جنوری یا فبروری میں مین امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔ن