مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی اجازت کا انتظار
حیدرآباد۔17جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ڈگری کالجس و گریجویٹ کورسس میں داخلوں کو روک دیا گیا ہے کیونکہ داخلوں کیلئے کالجس کو ملحقہ یونیورسٹیوں سے اجازت حاصل کرنی ہوتی ہے۔ حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ سال دوم کے طلبہ کو کامیاب قراردیئے جانے کے بعد اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے داخلہ حاصل کیلئے تفصیلات حاصل کی جانے لگی ہیں لیکن انتظامیہ کوئی جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں کیونکہ انہیں یونیورسٹی سے داخلوں کی اجازت نہیں ملی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے جب تک احکام جاری نہیں کئے جاتے داخلوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ سال دوم طلبہ کو کامیاب قرار دینے کے فیصلہ کے بعد ڈگری کالجس میں داخلوں کی مانگ میں اضافہ ہوچکا ہے۔ نئے تعلیمی سال پر تاحال وضاحت نہ ہونے سے ڈگری کالجس میں داخلوں کا عمل شروع کیا جانا کالجس کیلئے محال ہے لیکن یونیورسٹی انتظامیہ کا کہناہے کہ کالجس کے انتظامیہ اور طلبہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ڈگری کالجس میں داخلوں کا عمل کونسلنگ کے ذریعہ انجام دیا جا رہا ہے اسی لئے داخلہ نہ ملنے کا خوف نہیں ہونا چاہئے اور جب کبھی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے تعلیمی سال کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا اس وقت ریاست کی تمام جامعات سے ملحقہ کالجس میں داخلوں کی اجازت فراہم کی جانے لگے گی۔
