مذہبی ہم آہنگی اور روایتی انداز میں وسرجن کرنے ایس پی نارائن پیٹ کی ہدایت
نارائن پیٹ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)گنیش اتسو اور شوبھایاترا کے پرامن انعقاد کے سلسلہ میں نارائن پیٹ ضلع مستقر کے کے ایس آر گارڈن فنکشن ہال میں پولیس محکمہ کی جانب سے گنیش اتسو سمیتی، گنیش منڈپوں کے منتظمین اور ہندو مذہبی رہنماؤں کے ساتھ امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر ونیت، آئی پی ایس نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے گنیش شوبھایاترا اور وسرجن کے دوران اختیار کئے جانے والے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر سے واقف کروایا۔ایس پی ڈاکٹر ونیت نے کہا کہ پولیس محکمہ گنیش شوبھایاترا اور وسرجن کو پْرامن، باوقار اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت کے طور پر منعقد کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے جلوس کے راستوں پر پولیس کی بھاری تعیناتی کے ساتھ ٹریفک انتظامات اور مسلسل نگرانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ گنیش جلوسوں میں ڈی جے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے گنیش اتسو سمیتی کے ذمہ داران اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ شوبھایاترا کے دوران نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور جلوس کو پْرامن، منظم اور باوقار انداز میں آگے بڑھانے میں پولیس سے تعاون کریں۔ نوجوانوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے، پولیس کی ہدایات پر عمل کرنے اور کسی بھی قسم کے جھگڑے یا غیر ضروری اشتعال سے گریز کرنے کی تلقین کی ۔گنیش وسرجن کے موقع پر تقی بابا درگاہ میں عرس، صندل اور قوالی کے پروگرام بھی منعقد ہونے کے پیش نظر ایس پی نے مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مذہبی عقائد اور رسومات کا احترام کرتے ہوئے نارائن پیٹ ضلع کی روایتی بھائی چارہ اور پْرامن ماحول کو برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی ایم ڈی ریاض الحق، ڈی ایس پیز نالہپو لنگیا اور مہیش، سی آئی شیواشنکر، ایس آئی وینکٹیشورلو، بھاگیہ ریڈی، ڈی ایم ایچ او، ڈی ایم، اے ای، گنیش اتسو سمیتی کے صدر و اراکین، وشو ہندو پریشد، بجرنگ دل، یوتھ منڈلوں کے منتظمین، نوجوانوں اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔