گوانتانامو میں زیادتیوں پر امریکہ سے معافی کا مطالبہ

   

نیویارک: اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ نے گوانتانامو کی امریکی جیل میں ماضی کی گئی زیادتیوں کیلئے جوابدہی طے کرنے اور اس میں پائے جانے والی ‘ساختی خامیوں’ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کی ایک تفتیش کار نے گوانتانامو بے جیل کے قیدیوں پر کیے گئے تشدد پر امریکہ سے معافی مانگنے، بدسلوکی کیلئے احتساب کو یقینی بنانے اور کیوبا میں واقع امریکہ کے زیر انتظام بدنام زمانہ اس حراستی مرکز کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ اور تفتیش کار فیونلا نی اولین نے پیر کے روز اپنی رپورٹ جاری کرتے ہوئے، امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کا اس بات کیلئے شکریہ ادا کیا کہ اس نے رواں برس کے اوائل میں انہیں اس جیل تک رسائی مہیا کی۔ تاہم انہوں نے قیدیوں کے ساتھ ہونے والی خلاف ورزیوں کے تدارک کی ضرورت پر بھی زور دیا۔نی اولین نے کہا کہ سیاہ مقامات کے نام سے معروف خفیہ مقامات اور پھر اس کے بعد گوانتانامو کے اندر قیدیوں پر کیا جانے والا تشدد ہی 9/11 کے حملوں کے متاثرین کیلئے انصاف کو یقینی بنانے میں ’’واحد اہم رکاوٹ‘‘ ہے۔