ریاض : سعودی عرب میں شمالی صوبہ قریات گورنری میں واقع گھر کے ایک کمرے میں منگل کی صبح آگ لگنے کے نتیجہ میں ایک خاندان کے 3 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔الجوف النقیب میں ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے میڈیا ترجمان کیپٹن عبدالرحمن الضویحی نے بتایا کہ آج صبح 4 بجکر 54 منٹ پر القریات گورنری میں سیکورٹی گشت کرنے والوں کی جانب سے ایک رپورٹ موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ التشیلت محلے میں گراؤنڈ فلور پر مشتمل ایک گھر میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔
فوری طور پر ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئیں اور گھر میں گھس کر آگ پر قابو پالیا۔انہوں نے مزید کہا آگ سے جھلسنے والے چار افراد کو تشویشناک حالت میں ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جن میں سے تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ایک کمر ے سے تین بچوں اور ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی۔الضویحی نے اشارہ کیا کہ حادثے کے ابتدائی معائنے کے ذریعے پتہ چلا کہ آگ تقریباً 5.4 مربع میٹر کے گراؤنڈ فلور کے ایک کمرے میں لگی۔ یہ کمرہ بچوں کے سونے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔