شمس آباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں ہفتہ کی صبح گھنی دھند اور کم روشنی کی وجہ سے پروازوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔ چھ پروازوں کو متبادل مقامات کی طرف موڑ دیا گیا ۔ جس میں ملکی اور غیر ملکی پروازیں شامل ہیں ۔ آر جی آئی اے حکام کے مطابق چار ملکی اور دو بین الاقوامی پروازوں کا رخ تبدیل کرنا پڑا ۔ گھریلو پروازوں کو چینائی ، بنگلور اور وجئے واڑہ کے ہوائی اڈوں پر بھیج دیا گیا ۔ دمام سے انڈیگو فلائیٹ نمبر 6E 086 اور ریاض سے 6E 094 کو بالترتیب چینائی اور بنگلور کے لیے روانہ کردیا گیا ۔ ممبئی سے انڈیگو فلائیٹ نمبر 6E 5012 اور دہلی سے ایر انڈیا فلائیٹ نمبر AI 2829 دونوں فلائٹس کو بنگلور کی طرف موڑ دیا گیا ۔ ایر انڈیا کی ایک اور پرواز فلائیٹ نمبر AI 2625 جو ممبئی سے شمس آباد آرہی تھی اس کا رخ وجئے واڑہ کی طرف موڑ دیا گیا ۔ اکاسا ایر فلائیٹ نمبر Qp 1438 بنگلور سے حیدرآباد کو ناموافق حالات کی وجہ سے ہوائی اڈے پر واپس بھیج دیا گیا ۔ سوشیل میڈیا X نے ہفتہ کی صبح انڈیگو کے مسافروں کو ممکنہ تاخیر اور رکاوٹوں سے خبردار کیا تھا ۔۔