گیانیش کمار کیخلاف اپوزیشن کا آج علامتی ’عوامی مواخذہ‘

,

   

میرا کمار’ موک پارلیمنٹ‘ کی صدارت اور کھرگے مواخذے کی قرارداد پیش کریں گے

نئی دہلی۔29؍اکتوبر ( ایجنسیز )اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ جمعہ، 30 اکتوبر کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف علامتی ’عوامی مواخذہ‘ منعقد کرے گا۔ لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار اس کارروائی کی صدارت کریں گی جبکہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے مواخذے کی قرارداد پیش کریں گے۔ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی قرارداد منظور ہونے سے پہلے اختتامی خطاب کریں گے۔اتحادی قائدین نے جمعرات کو نئی دہلی میں کھرگے کی رہائش گاہ پر اجلاس کر کے پروگرام کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔ یہ احتجاج یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں ہونے والی ’ووٹ چوری‘ مخالف ریالی سے پہلے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اتحاد اسے خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) اور ووٹر فہرستوں میں بے ضابطگیوں پر اپنے احتجاج کی علامت قرار دے رہا ہے۔اجلاس میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، جے رام رمیش، کے سی وینوگوپال، میرا کمار، ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن، سماجوادی پارٹی کے ہریندر ملک، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی مہوا ماجی اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جان بریٹاس سمیت کئی رہنما شریک ہوئے۔اتحاد نے پروگرام کو ’’موک پارلیمنٹ‘‘ یعنی علامتی پارلیمانی کارروائی کا نام دیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے رہنما ہریندر ملک کے مطابق ہر جماعت سے صرف ایک نمائندہ اپنی بات رکھے گا۔ جماعت کا سربراہ خود خطاب کر سکتا ہے یا اپنی طرف سے کسی دوسریلیڈر کو نامزد کر سکتا ہے۔کھرگے نے اس سے پہلے بنگلورو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ووٹ چوری اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج جاری رہے گا اور تمام مخالف جماعتیں اس کی حمایت کر رہی ہیں۔ ان کے بقول جمہوریت میں جدوجہد کے ذریعے ہی لوگوں میں بیداری پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن جمعہ کو علامتی پارلیمانی اجلاس کرے گی ۔کانگریس رہنما گورو گوگوئی نے کہا کہ اپوزیشن ایس آئی آر اور ووٹ چوری سے متعلق اہم معاملات پر بحث چاہتی ہے۔ ان کے مطابق، عوام کی مشکلات اور جمہوریت کو درپیش خطرات پر گفتگو ضروری ہے تاکہ لوگوں کو یقین دلایا جا سکے کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے اپوزیشن متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کا پروگرام اتحاد کی یکجہتی کا پیغام دے گا۔کانگریس قائد جے رام رمیش نے چہارشنبہ کو کہا تھا کہ کئی مقامات پر پروگرام کیلئے اجازت نہ ملنے کے باعث یہ کارروائی کھرگے کی رہائش گاہ 10 راج جی مارگ پر سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگی۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی میں مبینہ بے ضابطگیوں کا حوالہ دیتے ہوئے گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔