حیدرآباد ۔29 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ناگر کرنول میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج کی تعمیر کی راہ ہموار کرتے ہوئے سنگل جج کی جانب سے دیئے گئے حکم التواء کو کالعدم کردیا۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس سی وجئے بھاسکر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد کی سماعت کے بعد حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا۔ قبل ازیں سنگل جج نے تعمیری کاموں پر حکم التواء جاری کردیا تھا ۔ ناگر کرنول کے قریب علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے درخواست دائر کرتے ہوئے حکومت پر ان کی اراضیات حاصل کرنے کی شکایت کی تھی۔ کسانوں نے کہا کہ حکومت کے عہدیدار اراضی کے سروے کے نام پر انہیں بعض کاغذات پر دستخط کیلئے مجبور کر رہے ہیں۔ بعد میں ان کاغذات کو کسانوں کی جانب سے اراضی پر اپنے دعوے سے دستبرداری کے طور پر پیش کیا گیا۔ ریونیو قانون کے مطابق اگر کوئی شخص رضاکارانہ طورپر اراضی سے دستبردار ہوجائے تو اسے معاوضہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ڈیویژن بنچ کے فیصلہ سے میڈیکل کالج کی تعمیر کی راہ ہموار ہوچکی ہے ۔ر