ہائیکورٹ کی نئی عمارت کیلئے 4 ڈیزائنوں پر غور،چیف منسٹر عنقریب قطعیت دیں گے

   

حیدرآباد۔/21 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں ڈیزائن کو قطعیت دینے کیلئے قائم کردہ ججس کی کمیٹی نے محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے پیش کردہ 9 ڈیزائنس میں 4 کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ محکمہ آر اینڈ بی نے ایک خانگی آرکیٹکٹ ایجنسی کے اشتراک سے نئی عمارت کے مختلف ڈیزائن تیار کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چار شارٹ لسٹ کئے گئے ڈیزائن چیف منسٹر ریونت ریڈی کو روانہ کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ الوک ارادھے ڈیزائن کو قطعیت دیں گے اور تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ تلنگانہ حکومت نے راجندر نگر علاقہ میں ہائی کورٹ کے نئے کامپلکس کی تعمیرکیلئے 100 ایکر اراضی الاٹ کی ہے۔ یہ اراضی اگریکلچر یونیورسٹی کی ہے۔ کورٹ بلڈنگ کے علاوہ 40 مختلف عمارتیں کامپلکس کے تحت ہوں گی جن میں ججس کی رہائشی عمارت، بار کونسل، ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن، آڈیٹوریم ، لیگل سرویسیس اتھاریٹی اور دیگر عمارتیں شامل ہیں۔ کامپلکس کے ڈیزائن کیلئے 19 آرکیٹکٹس نے اپنی خدمات کا پیش کش کیا ہے۔ واضح رہے کہ نئے کامپلکس کا 27 مئی کو چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے سنگ بنیاد رکھا تھا۔ عمارت کی تکمیل 18 ماہ میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔1