چنڈی گڑھ: ہریانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انڈین نیشنل لوک دل اور بہوجن سماج پارٹی نے جمعرات کو اتحاد کا اعلان کیا۔یہ اعلان چنڈی گڑھ میں ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ آئی این ایل ڈی کے پرنسپل جنرل سکریٹری اور ایلن آباد کے ایم ایل اے ابھے سنگھ چوٹالہ نے کہا کہ یہ اتحاد آئی این ایل ڈی کے قومی صدر اوم پرکاش چوٹالہ اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی کی منظوری سے کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتحاد کا مقصد معاشرے کے محروم، پسماندہ طبقات اور کسانوں کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کو یقینی بنانا ہے ۔دوسری طرف محترمہ مایاوتی نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ بی ایس پی اور آئی این ایل ڈی ہریانہ میں آئندہ اسمبلی عام انتخابات میں وہاں کی عوام مخالف جماعتوں کو شکست دے کراپنے نئے اتحاد کی حکومت بنانے کے عزم کے ساتھ لڑیں گے ۔