جڑچرلہ میں ٹرینی پولیس کانسٹیبلس کے سرینواس ریڈی ویجلنس عہدیدار کا خطاب
محبوب نگر /21 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہمارے فرائض اور ذمہ داریاں تلوار کی مانند ہیں۔ احتیاط ، مستعدی اور بہادری پولیس فرائض کا حصہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر کے سرینواس ریڈی ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ سابق پرنسپل سکریٹری حکومت تلنگانہ نے کیا ۔ وہ ڈسٹرکٹ پولیس ٹریننگ سنٹر جڑچرلہ میں ایس سی ٹی پی سی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سلامی لے رہے تھے ۔ عادل آباد ضلع کے 270 اسٹینڈری کیڈٹ ٹرینی پولیس کانسٹیبلس ( سیول ) کی ٹریننگ کی تکمیل کے موقع پر ضلع پولیس ٹریننگ سنٹر جڑچرلہ میں پاسنگ آوٹ پریڈ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پریڈ باقاعدہ تربیت کی اہمیت کو واضح کرتی ہے ۔ 9 ماہ کی سخت تربیت کے بعد آپ کا مظاہرہ قابل ستائش ہے ۔ سنٹر کے اہلکار جنہو ںنے آپ کی بہترین تربیت کی ہے وہ بھی قابل مبارکباد ہیں۔ آپ کو ملک اور عوام کی خدمت کرنا ہے ۔ عوام کے دلوں میں پولیس کی عزت اور احترام ہے ۔ عوام جانتے ہیں کہ پولیس قربانیاں دے رہی ہے ۔ ہم راتوں میں جاگتے ہیں ۔ اس لئے کہ عوام راحت کی نیند سوسکیں۔ تہوار سکون سے مناسکیں۔ جبکہ ہم تہواروں کے موقع پر گھروں کو چھوڑ کر عوام کی خدمت میں ہوتے ہیں ۔ پولیس ملازمت دیگر محکموں کی ملازمت سے مختلف ہے ۔ ہمیں خاندانی اخلاقیات سے زیادہ پیشہ وارانہ اخلاق کو اہمیت دینا ہوگا ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی جوگو رامبا زون 7 ایل سی چوہان ضلع ایس پی جان کی دھراوٹ ، ایڈیشنل ایس پی راملو متحدہ ضلع کے پولیس عہدیداران و عملہ موجود تھا ۔