میلبورن ۔ گابا میں کھیلے گئے بارڈرگواسکر ٹرافی کا ٹسٹ ڈرا ہونے کے بعد ٹیم انڈیا نے باکسنگ ڈے ٹسٹ کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ٹیم انڈیا نے میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنی پریکٹس شروع کردی ہے۔ اس میں ہندوستانی کپتان روہت شرما اور ویراٹ کوہلی خصوصی تیاریاں کرتے نظر آئے ہیں ۔ میدان میں ویراٹ اورگمبھیر کے درمیان طویل گفتگو ہوئی۔ رشبھ پنت کو نتیش ریڈی کی بولنگ پر بیٹنگ کی مشق کرتے ہوئے دیکھا گیا، جب کہ جسپریت بمراہ کو طاقت اور کنڈیشنگ کوچ کے ساتھ دیکھا گیا۔ گزشتہ 13 سالوں میں میلبورن میں کھیلنا ٹیم انڈیا کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔ ٹیم انڈیا میلبورن ٹسٹ جیت کر سیریز میں برتری حاصل کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی اور ٹیم کو بھی خصوصی تیاری کی ضرورت ہے۔ اس منصوبے پر پوری ٹیم نے مل کر کام شروع کردیا ہے۔ ہفتہ کو پوری ٹیم نے اس کے لیے بہت پسینہ بہایا۔ سیشن کا آغاز سب سے پہلے سلپ کیچنگ سے ہوا۔ رشبھ پنت کے ساتھ ویراٹ کوہلی، شبمن گل، یشسوی جیسوال اور کے ایل راہول نے سلپ میں کیچنگ کی مشق کی۔ اس کے بعد سب بیٹنگ کے لیے چلے گئے۔ تاہم پنت نے فیلڈنگ کی مشق کی اور ٹی دلیپ کے ساتھ کیپنگ کی۔ یادرہے کہ گزشتہ 10 سال میں میلبورن میں ٹیم انڈیا کا ٹسٹ ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو آخری بار اس گراؤنڈ پر2011 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد اسے میلبورن اسٹیڈیم میں کبھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 2014 میں اس گراؤنڈ پر بارڈر ۔گواسکر ٹرافی کا تیسرا میچ کھیلا گیا تھا جو ڈرا ہوا تھا۔ اس کے بعد 2018 میں اور پھر 2020 میں ٹیم انڈیا نے میلبورن میں لگاتار فتوحات حاصل کی۔