ہندوستانی ٹیم کے ہاتھ میں خود اس کی قسمت نہیں

   

دبئی ۔نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کی شکست نے گروپ 2 سے سیمی فائنل میں رسائی کیلئے دوسری ٹیم کی دوڑکوکافی دلچسپ بنادیا ہے۔ اس گروپ سے پاکستانی ٹیم اپنے ابتدائی تین مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سرفہرست ہے اور اس کے پاس دو نسبتاً آسان مقابلے باقی ہیں جس سے یہ تقریباً طے ہے اس گروپ سے پاکستان پہلے مقام کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرے گی۔اس کے بعد دوسری ٹیم کیلئے افغانستان ،نیوزی لینڈ اورہندوستان کی دوڑکافی سخت ہوچکی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا جو بڑا فرق درج ہوا ہے اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہندوستان کے نیٹ رن ریٹ کوکافی نقصان ہوا ہے اور وہ اب اپنے تینوں مقابلوں میں بڑی فتوحات حاصل کرنے کے بعد بھی دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصارکرے گی یعنی ہندوستان ٹیم کے ہاتھ میں خود اپنی اس کی ورلڈ کپ کی قسمت نہیں رہی ہے ۔ نیوزی لینڈ، افغانستان اور ہندوستان کس طرح سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں
ہندوستان:دو مقابلے کھیل چکا ہے ،نشانات : 0 رن ریٹ1.609۔ باقی مقابلے: بمقابلہ افغانستان، سکاٹ لینڈ، نمیبیا۔ ہندوستان کے پاس اب ایک ہی موقع ہے کہ وہ اپنے باقی تین مقابلوں میں بڑے فرق سے کامیاب ہو اور پھر امید کرے کہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کم ازکم اپنے باقی میچوں میں سے ایک مقابلہ ہارجائیں۔ اس کے بعد پھررن ریٹ کا کھیل شروع ہوسکتا ہے۔ ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف شکست نے کافی نقصان پہنچایا ہے اور رن ریٹ منفی میں چلا گیاہے۔
نیوزی لینڈ: کھیلے گئے مقابلے دو، نشانات: 2، رن ریٹ 0.765، باقی میچز: بمقابلہ اسکاٹ لینڈ، نمیبیااور افغانستان۔ ہندوستان کے خلاف 14.3 اوورز میں مطلوبہ رنزکا کامیاب تعاقب کرنے کا مطلب ہے کہ نیوزی لینڈکا رن ریٹ 0.765 تک بہتر ہوگیا ہے۔ اگر وہ اپنے باقی مقابلے جیت جاتے ہیں تو نتائج سے قطع نظر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلیں گے۔ ان کے باقی تین حریفوں میں سے افغانستان سب سے مشکل ہے اوراگروہ یہ مقابلہ ہارجاتے ہیں تو وہ دیگر مقابلوں کے نتائج کے لحاظ سے سیمی فائنل میں رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔ ان کے اگلے تین میچوں کا شیڈول آسان نہیں ہے: وہ تین مختلف مقامات پر ایک دن کے وقفہ کے ساتھ دن میں مقابلے کھیلیں گے ۔ 3 نومبر کو دبئی میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف، 5 نومبر کو شارجہ میں نمیبیا کے خلاف اور7 نومبر کو ابوظہبی میں افغانستان کے خلاف مقابلہ۔
افغانستان: کھیلے گئے مقابلے3، پوائنٹس: 4، رن ریٹ 3.097، باقی میچز:بمقابلہ ہندوستان، نیوزی لینڈ۔ افغانستان نے اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے خلاف اپنے میچوں سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرلیے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ان کا رن ریٹ 3.097 ہے جوکہ بہت اچھا ہے۔ ان کے باقی دو میچز دو بڑی ٹیموں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہیں۔ اگر وہ دونوں جیت جاتے ہیں تو وہ بغیرکسی اعداد شمارکے کھیل کے راست سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلیں گے۔ اگر وہ ہندوستان سے ہارجاتے ہیں اور نیوزی لینڈ کو شکست دیتے ہیں تو شاید رن ریٹ کام میں آجائیں گے فغانستان کو شیڈول سے ایک فائدہ ہو سکتا ہے، انہوں نے جہاں ابوظہبی میں نمیبیا کو شکست دی وہیں اب وہ اپنے آخری دو مقابلوں میں شرکت کریں گے جس سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔