ہندوستان صرف دنیا کی منڈی رہے یہ قابل قبول نہیں : مودی

   

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ہندوستان میں مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “یہ قابل قبول نہیں ہے کہ یہ ملک صرف دوسرے ممالک کی اشیاء کی مارکیٹ بن جائے “۔ انہوں نے بتایاکہ ملکی معیشت میں مینوفیکچرنگ بزنس کا حصہ کم ہے لیکن اس کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ، جمہوری نظام، نوجوان اور باصلاحیت آبادی کے قدرتی وسائل جیسے مثبت عوامل کی بنیاد پر ہمیں عزم کے ساتھ میک ان انڈیا کی طرف بڑھنے کے لئے راغب ہونا چاہیے ۔ مودی محکمہ برائے فروغ صنعت اور اندرونی تجارت (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے ذریعہ بجٹ2022-23 کے التزامات پر مرکوز آن لائن سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ یہ آٹھواں پوسٹ بجٹ ویبنار ہے جس سے وزیر اعظم نے خطاب کیا۔ سیمینار کا موضوع ‘میک ان انڈیا فار دا ورلڈ’ (دنیا کے لیے ہندوستان میں مینوفیکچرنگ) تھا۔ مودی نے بتایا کہ اس بار کے بجٹ میں خود کفیل ہندوستان اور میک ان انڈیا کے لیے کئی اہم التزامات ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ یہ قابل قبول نہیں ہے کہ ہندوستان جیسا ملک صرف ایک بازار بن کر رہ جائے ۔ ,وبائی امراض اور دیگر غیر یقینی صورتحال کے دوران سپلائی چین میں خلل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے میک ان انڈیا کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے ۔