ہندوستان میں یکساں سیول کوڈ نافذ کیا جائے : سنجے راوت

   

ممبئی : شیو سینا نے پہلے بھی کئی بار کہا ہے کہ ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی ضرورت ہے ۔ پارٹی لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اس نوعیت کا کوئی فیصلہ کرتی ہے تو شیو سینا بھی اس پر غور و خوص کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنائے گی ۔ سنجے راوت نے یہ بات اس وقت کہی جب اُن سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ملک میں یکساں سیول کوڈ نافذ کئے جانے کی ضرورت ہے ؟۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی ، نیشنل کانفرنس لیڈر فاروق عبداللہ اور دیگر ، اگر جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو چین کی مدد سے دوبارہ لاگو کرنے کی بات کرتے ہیں تو ان کے خلاف مرکزی حکومت کو سخت کارروائی کرنا چاہیئے ۔ جموں و کشمیر میں اگر ترنگا پرچم لہرانے والوں کو روکا جاتا ہے تو یہ روکنے والے دیش کے غدار ہیں ۔ اس موقع پر وشوا ہندو پریشد ( وی ایچ پی ) کے بین الاقوامی جوائنٹ جنرل سکریٹری سریندر جین نے آر ایس ایس کے جوائنٹ جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسبلے کے اس مطالبہ کی تائید کی ہے جہاں دتاتریہ نے ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ کیا تھا ۔ یادر ہے کہ دتاتریہ ہوسبلے نے گذشتہ ہفتہ ایک بیان دیتے ہوئے ملک میںیکساں سیول کوڈ کے نفاذ پر مباحثہ کروانے کا مطلبہ کیا تھا ۔ البتہ انہوں نے اس کا فیصلہ مرکزی حکومت پرچھوڑ دیا کہ اگر حکومت چاہے تو اس معاملہ میں کسی نئے بل کو متعارف کرسکتی ہے ۔ آر ایس ایس کو بی جے پی کا نظریاتی سرپرست سمجھا جاتا ہے ۔