ہندوستان کو مہاشکتی بنانے میں نوجوانوں کا کردار اہم ہوگا : اوم برلا

   

نئی دہلی۔ 15 اگست (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان آنے والے سال میں مہاشکتی بننے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس ترقیاتی سفر میں ملک کے نوجوانوں کا کردار اہم ہو گا۔ برلا نے ہفتہ کے روز کہا کہ یہ دن ان بے شمار بہادروں اور مجاہدینِ آزادی کو یاد کرنے کا موقع ہے ، جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی کا بے مثال حوصلہ، قربانی اور حب الوطنی ملک کیلئے سب سے بڑی تحریک ہیں۔ لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے ’شکتی کی سپت دھارا‘ کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو آنے والے سالوں میں مہا طاقت بنانے کیلئے مینوفیکچرنگ پاور، زراعت و فوڈ پروسیسنگ، ٹیکنالوجی و انوویشن، گتی شکتی، دفاعی طاقت، گرین و بلیو اکانومی اور سافٹ پاور پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ برلا نے کہا کہ ان شعبوں میں صلاحیت بڑھا کر ہندوستان عالمی سطح پر اپنے کردار کو مزید مضبوط کرنے کیلئے تیار ہے ۔