نئی دہلی ۔ چمپئنزٹرافی 2025 کی تصویر واضح ہوگئی۔ آٹھ ٹیموں کے ساتھ کھیلے جانے والے اس ٹورنمنٹ میں سے5 مقابلے پاکستان میں جبکہ 10 مقابلے متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔ ٹیم انڈیا بھی اپنے تمام میچ صرف یو اے ای میں کھیلے گی لیکن یو اے ای میں کھیلنا ٹیم انڈیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو سکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلنا ٹیم انڈیا کے لیے بڑا نقصان بن سکتا۔ اس کی وجہ یو اے ای میں ٹیم انڈیا کی مایوس کن کارکردگی ہے۔ 2021 کا ٹی20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا۔ اس ٹورنمنٹ میں ٹیم انڈیا کو خطاب کیلئے پسندیدہ ٹیم مانا جا رہا تھا لیکن ٹیم انڈیا ناک آؤٹ میں بھی جگہ نہیں بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد اس کا ورلڈکپ میں باقی رہنے کا خواب تقریباً ختم ہوگیا تھا۔ ٹیم انڈیا نمیبیا کے خلاف اپنا آخری میچ کھیل کر باہر ہو ئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ 2012 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب ٹیم انڈیا کسی آئی سی سی ٹورنمنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے تک بھی نہیں پہنچ پائی تھی اور تو اور متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کو پہلی بار ورلڈ کپ میں پاکستان سے شکست ہوئی تھی۔ یو اے ای کی سرزمین پر ہی ہندوستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔2021 ورلڈ کپ میں ہندوستان کا پہلا میچ پاکستان کے خلاف تھا۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا کو ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان سے کبھی شکست نہیں ہوئی تھی لیکن متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹیم انڈیا کو 10 وکٹوں سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان کے 152 رنزکے ہدف کے جواب میں پاکستان نے بغیرکوئی وکٹ گنوائے میچ جیت لیا۔ چمپئنز ٹرافی 2025 میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان میں ہندوستان، پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ یہ ٹورنمنٹ فروری میں شروع ہوگا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان عظیم میچ 23 فروری کو اے یو ای، دبئی یاکولمبو، سری لنکا میں کھیلا جا سکتا ہے۔ تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔