ہوسٹن کے قریب طیارہ حادثہ میں کسی کے بچنے کی توقع نہیں : شیرف

   

ہوسٹن /24 فروری ( سیاست ڈاٹ کام ) 767 بوئنگ مال بردار جیٹ طیارہ جو ہوسٹن آرہا تھا اور جس میں تین افراد سوار تھے شہر کے مشرق میں واقع خلیج میں تصادم کے بعد شعلہ پوش ہوگیا ۔ ٹیکساس کے شیرف نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے ارکان عملہ نے دو انجنوں کے اس طیارے کے ملبے کو ایک میل کے فاصلے پر ایک کھیت میں پھیلا ہوا پایا ۔ شیرف برائن ہاتھارن نے کہا کہ اس کے مسافروں میں سے کسی کے بھی زندہ بچ جانے کی توقع نہیں ہے ۔ عینی شاہدین کے بموجب انہوں نے طیارے کے انجن کی آواز سنی تھی اور اس کے بعد طیارہ تیزی سے زمین پر آگرا ۔ جھلکیوں میں دکھایا گیا ہے کہ ہنگامہ عملہ ملبے کے پاس سے گذر رہا ہے جو خلیج ٹرینٹی تک پھیلا ہوا ہے ۔ طیارہ میامی سے روانہ ہوا تھا اور چند منٹ بعد جارج بش انٹرنیشنل ایرپورٹ ہوسٹن پہونچنے والا تھا ۔ وفاقی شہری ہوابازی انتظامیہ نے تمام عہدیداروں کو جن کا تعلق راڈار اور ریڈیو سے ہے چوکسی کی ہدایت دے دی ہے ۔ ( تصویر صفحہ 4 پر )