بھوپال، 2 جولائی (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے بیتول سے بی جے پی کے ایم ایل اے اور سابق ایم پی ہیمنت کھنڈیلوال کو ریاستی یونٹ کا نیا صدر قرار دیا گیا ہے ۔ مدھیہ پردیش کے لیے بی جے پی کے انتخابی افسر، مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے یہاں ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں ان کے نام کا اعلان کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان اور سابق ریاستی صدر وشنودت شرما بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اس سے قبل کل، ریاستی صدر کے عہدے کے لیے نامزدگی داخل کرنے کے دن صرف مسٹر کھنڈیلوال کے ہی نامزدگی داخل کرنے کے ساتھ ان کا اس عہدے کے لیے منتخب ہونا یقینی ہوگیا تھا۔ کھنڈیلوال اس وقت قبائلی علاقے بیتول سے ایم ایل اے ہیں۔ وہ اس سے قبل 2007 سے 2008 تک لوک سبھا کے رکن اور 2010 سے 2013 تک بی جے پی بیتول کے ضلع صدر رہ چکے ہیں۔ تقریباً 60 سالہ کھنڈیلوال 2013 میں 14ویں قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے ۔